کراچی: عدالت نے معروف ٹی وی میزبان اور سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کے پوسٹ مارٹم کا حکم دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کی سٹی کورٹ نے شہری عبدالاحد کی عامر لیاقت کی موت کے تعین کیلئے پوسٹ مارٹم سے متعلق درخؤاست پر محفوظ فیصلہ سنادیا جس میں مرحوم کی قبر کشائی کرتے ہوئے پوسٹ مارٹم کرنے کی اجازت دیدی۔
واضح رہے کہ درخواست گزار کے وکیل بیرسٹر ارسلان راجہ نے موقف اپنایا تھا کہ معروف ٹی وی میزبان و سابق رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کی اچانک پراسرار موت ہوئی جس کی وجہ کا تعین بہت ضروری ہے۔مزید کہا گیا کہ عامر لیاقت کی اچانک موت سے ان کے مداحوں میں شکوک و شبہات ہیں اور شبہ ہے کہ انہیں جائیداد کے تنازع پر قتل کیا گیا لہٰذا موت کی وجہ جاننے کیلئے قبر کشائی اور پوسٹ مارٹم کیلئے خصوصی بورڈ تشکیل دیا جائے۔
دوسری جانب سرکاری وکیل سجاد علی دشتی نے اپنے دلائل میں کہا کہ ورثا پوسٹ مارٹم کرانا نہیں چاہتے،
ورثا کہتے ہیں پوسٹ مارٹم کرانے سے ان والد صاحب کی روح کو تکلیف پہنچی گی،ورثا کہتے ہیں ہمیں کسی پر شک بھی نہیں ہے۔
دوران سماعت عدالت کو پولیس رپورٹ کے متعلق بھی آگاہ کیا گیا کہ پولیس سرجن کے مطابق جب تک جسم کا اندرونی جائزہ نہیں لیتے موت کی وجوہات معلوم نہیں ہو سکتیں۔
عدالت نے دلائل سننے کے بعد درخؤاست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جو اب سنا دیا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.