منی لانڈرنگ کیس، وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب کی حاضری معافی کی درخواست منظور

5

لاہور: احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں شہبازشریف، حمزہ شہباز اور دیگر کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس پر سماعت ہوئی جس دوران شہباز شریف اور حمزہ شہبازکی لیگل ٹیم نے آج کی حاضری معافی کی درخواست دائرکی۔ 
ذرائع کے مطابق درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ حمزہ شہباز بجٹ اجلاس میں مصروف ہیں اور شہباز شریف بھی مصروفیت کے باعث عدالت پیش نہیں ہوسکتے، اس لئے انہیں آج عدالت حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔
احتساب عدالت کے جج نسیم ورک نے وکلاءکے دلائل سننے کے بعد منی لانڈرنگ ریفرنس میں شہباز شریف اور حمزہ شہباز کی حاضری معافی کی درخواست منظور کر لی۔ 
واضح رہے کہ چند روز قبل سپیشل کورٹ سینٹرل نے 16 ارب روپے کی منی لانڈرنگ کیس میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف کی عبوری ضمانت کی توثیق کی تھی۔
سپیشل کورٹ سینٹرل نے منی لانڈرنگ کے مقدمے میں وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کی ضمانت پر فیصلہ سناتے ہوئے دیگر ملزمان کی عبوری ضمانتوں کی توثیق بھی کی تھی۔
عدالت کی جانب سے شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو 10,10 لاکھ روپے جبکہ دیگر ملزمان کو 2,2 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کی ہدایت کی گئی تھی۔

تبصرے بند ہیں.