بجلی شارٹ فال میں اضافہ، بدترین لوڈشیڈنگ جاری

12

لاہور: گرمی کے ستائے عوام کئی کئی گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے بھی پریشان ہیں جن کا کہنا ہے کہ رات کے اوقات کار میں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے زندگی اجیرن کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق بجلی کا شارٹ فال 7 ہزار میگاواٹ تک پہنچ جانے کے باعث ملک کے بیشتر شہروں میں بجلی کی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے اور کئی علاقوں میں تو 14,14 گھنٹے بجلی غائب رہنے لگی ہے۔ 
شہر قائد میں بھی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 4 سے 14 گھنٹوں تک پہنچ گیا ہے اور شہریوں کا کہنا ہے کہ رات کے وقت بھی بغیر اطلاع کے کئی کئی گھنٹے بجلی بند کردی جاتی ہے جس کے باعث شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ 
اسی طرح نواب شاہ، لاڑکانہ اور شکارپور میں انٹر کے امتحانات کے دوران بجلی غائب رہنے کے باعث طلبہ کیلئے امتحان کی تیاری کرنا اور پیپر دینا بھی اجیرن ہو چکا ہے۔ 
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بھی ایسے ہی حالات ہیں اور شہروں میں 8 گھنٹے لوڈشیڈنگ جبکہ دیہاتوں میں 12 سے 14 گھنٹے تک اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ 
فیصل آباد میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا عالم بھی دیگر شہروں سے مختلف نہیں جہاں شہری سڑکوں پر نکل آئے اور حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، اسی طرح راولپنڈی میں بجلی کی چھ گھنٹے لوڈشیڈنگ سے کاروباری طبقہ شدید متاثر ہے۔

تبصرے بند ہیں.