اسلام آباد: نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے اپریل کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں 3 روپے 99 پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دیدی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے نیپرا کو فی یونٹ بجلی کی قیمت میں 4 روپے 5 پیسے فی یونٹ اضافے کی درخواست کی تھی جس پر اتھارٹی نے 31 مئی 2022 کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی تھی۔
قبل ازیں مارچ کے فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ایف سی اے صارفین سے 2 روپے 86 پیسے چارج کیا گیا تھا جو کہ صرف ایک مہینے کیلئے تھا تاہم مارچ کی نسبت اپریل میں یہ چارجز 1 روپے 13 پیسے زیادہ چارج کئے جائیں گے۔
ذرائع کے مطابق بجلی کی قیمت میں اضافے کا اطلاق صرف جون کے مہینے کے بلوں پر ہوگا اور اس کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہو گا جبکہ کے الیکٹرک صارفین پر بھی اس کا اطلاق نہیں ہو گا۔
تبصرے بند ہیں.