اقوام متحدہ رسول اللہ ﷺ کی شان میں گستاخی کو جرم قرار دے: علامہ طاہر اشرفی

18

لاہور: معاون خصوصی  برائے مذہبی   امور  علامہ طاہر  اشرفی  نے کہا ہے کہ ہمیں رسول پاکﷺ کی حرمت سے زیادہ کوئی چیز عزیز نہیں، بھارت میں حکمراں جماعت کی جانب سے رسول اللہ ﷺ کی شان میں گستاخی کی گئی۔ اقوام متحدہ  رسول اللہ ﷺ کی شان میں گستاخی کو جرم قرار دے۔

 

لاہور میں علامہ طاہر محمود اشرفی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات پر اہل اسلام سراپا احتجاج ہے، بی جے پی رہنماؤں کے گستاخانہ بیانات کی شدید مذمت کرتے ہیں،بھارت کی حکومت گستاخی کے مرتکب افراد کو گرفتار کرکے کیفرکردار تک پہنچائے۔

علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ  تمام اسلامی ممالک میں بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جارہا ہے،عرب ممالک نے بھارتی مصنوعات کا بائیکاٹ کر رکھا ہے۔ انکا کہناتھا کہ وزیراعظم شہبازشریف نے سب سے پہلے اس معاملے پر آواز بلند کی جبکہ کل ملک بھر میں یوم حرمت رسول ﷺ منایا گیا۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ  اقوام متحدہ میں تمام آسمانی کتب، انبیاء کی ناموس پر قوانین بنائے جائیں۔

 

ملکی موجودہ صورتحال پر بات کرتے ہوئے علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ استحکام پاکستان پوری قوم کی وحدت کا اہم نکتہ ہے، پاکستان کے مسائل کے حل کیلئے تمام اکابرین اورعلمائے کرام مل کر بیٹھیں، سیاسی قیادت سے درخواست ہے وہ سیاسی  انتہا پسندی کوختم کرکےبات چیت کرے۔انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا دفاعی بجٹ بھارت کے مقابلے میں 7 گنا کم ہے، دفاعی بجٹ اسلامی ممالک کے مقابلے میں بھی کم ہے،پاک فوج کا دفاعی بجٹ میں اضافہ نہ کراناقابل تحسین ہے۔

تبصرے بند ہیں.