پولیس نے پوسٹ مارٹم کے بغیر عامر لیاقت کی تدفین رکوا دی

145

کراچی: پولیس نے معروف شخصیت ڈاکٹر عامر لیاقت حسین کی میت کے پوسٹ مارٹم کے بغیر تدفین رکوانے کا فیصلہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی میت بریگیڈ تھانے کے علاوہ کسی کو نہ دی جائے۔ 
تفصیلات کے مطابق پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رکن قومی اسمبلی اور معروف ٹی وی میزبان ڈاکٹر عامر لیاقت کی موت کی وجہ جاننا ضروری ہے جس کیلئے پوسٹ مارٹم کرنا ہو گا۔ 
پولیس کی جانب سے سرد خانے کو عامر لیاقت کی میت بریگیڈ تھانے کے سپرد کرنے کا کہا گیا ہے اور ہدایت کی گئی ہے کہ اگر ان کی میت بریگیڈ تھانے کے علاوہ کسی اور کے سپرد کی گئی تو قانونی کارروائی کی جائے گی۔ 
دوسری جانب کراچی میں عبداللہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں عامر لیاقت کی قبر کی تیاری جاری ہے، ان کی نماز جنازہ آج بعد نماز جمعہ جامع مسجد عبداللہ شاہ غازی میں ادا کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ممتاز ٹی وی اینکر اور رکن قومی اسمبلی عامر لیاقت گزشتہ روز انتقال کر گئے تھے جبکہ ان کی فیملی نے پوسٹ مارٹم رکوا دیا تھا اور بعد ازاں ان کے بچوں نے والد کا پوسٹ مارٹم کرانے سے انکار کر دیا تھا۔ 
ڈاکٹر عامر لیاقت کی سابقہ پہلی بیوی سیدہ بشریٰ اقبال کا کہنا تھا کہ مرحوم کے دونوں وارثین احمد اور دعا عامر نے ان کا پوسٹ مارٹم کروانے سے منع کر دیا ہے اور ان کی خواہش کے مطابق مرحوم کو عزت و احترام کے ساتھ ان کی آخری آرام گاہ تک لے جایا جائے گا۔ 

تبصرے بند ہیں.