بجٹ 23-2022، پی ٹی آئی کے ممکنہ احتجاج کے باعث پارلیمینٹ ہاؤس کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی

17

اسلام آباد: وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل مالی سال 23-2022ءکیلئے وفاقی بجٹ آج پیش کریں گے جس کے حجم کا تخمینہ تقریباً 10 ہزار ارب روپے مقرر کرنے کی تجویز دی گئی ہے۔ اس سلسلے میں پارلیمنٹ ہاؤس کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے اور اہلکاروں کی اضافی نفری تعینات ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی بجٹ اجلاس کے سلسلے میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے ممکنہ احتجاج کو روکنے کیلئے پارلیمینٹ ہاؤس کے اندر اور باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں اور اس سلسلے میں ایوان کے باہر پولیس اور رینجرز کی اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر متعلقہ افراد کی پارلیمینٹ ہاؤس میں داخلے پر پابندی ہوگی جبکہ اجلاس میں صرف وہی شخصیات شریک ہو سکیں گی جنہیں اس سلسلے میں باقاعدہ مدعو کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی بجٹ 23-2022ءآج پیش کیا جائے گا تاہم اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت متحدہ حکومت کا اہم اجلاس آج دوپہر 2 بجے کمیٹی روم نمبر 2 میں ہو گا جس میں وزیراعظم بجٹ تجاویز سے متعلق اتحادیوں کو اعتماد میں لیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ شب آصف علی زرداری نے حکومتی اتحادیوں کے اعزاز میں عشائیہ دیا تھا جس میں چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری قرنطینہ کے باعث شریک نہیں ہوسکے تھے تاہم کورونا ٹیسٹ منفی آنے کے بعد آج بلاول بھٹو کا بھی اہم مشاورتی اجلاس میں شریک ہونے کا امکان ہے۔

تبصرے بند ہیں.