لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری

9

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست پر وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس پر عدالت نے وفاقی حکومت کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا اور سرکاری وکیل کو ہدایات لے کر اگلی سماعت کے دوران عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔ 
دوران سماعت جسٹس شاہد کریم نے ریمارکس دئیے کہ ایسے معاملات پر عدالتوں کو فیصلہ نہیں دینا چاہیے، ہم ایسے معاملات میں کچھ نہیں کر سکتے۔
واضح رہے کہ درخواست گزار نے لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) اور وفاقی حکومت سمیت دیگر کو فریق بناتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ شہر میں 12,12 گھنٹے بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ 
درخواست گزار کا کہنا ہے کہ لیسکو چیف اپنی زمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام ہوچکے ہیں، بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے نظام زندگی مفلوج ہو چکا ہے، عدالت لیسکو چیف سمیت ذمہ داران کیخلاف کارروائی کرے۔

تبصرے بند ہیں.