وزیراعظم کا گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے بڑا فیصلہ، حکم جاری کر دیا

24

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں گیس کی قلت پر قابو پانے کیلئے بڑا فیصلہ کرتے ہوئے سابق قبائلی علاقوں سے دریافت ہونے والی گیس کو فوری طور پر عوام کیلئے فراہم کرنے کا حکم جاری کیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق فوجی فاؤنڈیشن گروپ کے چیئرمین وقار احمد ملک اور ماڑی پٹرولیم کے سربراہ فہیم حیدر نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی جبکہ اس موقع پر وزیر مملکت برائے پٹرولیم سینیٹر ڈاکٹر مصدق ملک اور سیکرٹری پیٹرولیم بھی موجود تھے۔ وزیراعظم کو شمالی وزیرستان اور بنوں میں نئے دریافت ہونے والے ذخائر سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ 
وزیراعظم شہباز شریف نے گیس کے شعبے کی مجموعی صورتحال سمیت طلب اور رسد پر بریفنگ لینے کے بعد دریافت شدہ گیس فوری طور پر عوام کو فراہم کرنے کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ یہ ذخائر عوام کو گیس کی قلت سے نجات دلانے کیلئے استعمال میں لائے جائیں اور متعلقہ علاقوں کے عوام کو دریافت شدہ گیس کے ثمرات فراہم کئے جائیں۔ 
وزیراعظم نے اس ضمن میں علاقے کی ترقی، سماجی بہبود، تعلیم و صحت کے حوالے سے سفارشات طلب کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جن علاقوں سے گیس دریافت ہوئی ہے، وہاں کے عوام اور بچوں کو کیا ملے گا، اس سلسلے میں فوری طور پر پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے۔

تبصرے بند ہیں.