بیک ڈور رابطے، حکومت کا پی ٹی آئی ارکان اسمبلی کے استعفے منظور نہ کرنے کا فیصلہ

68

 

اسلام آباد: حکمران اتحاد اور تحریک انصاف کے درمیان بیک ڈور رابطوں کا انکشاف ہوا  ہے اور بتایا گیا ہے کہ حکمراں اتحاد نے پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کے استعفے منظور نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

 

ذرائع نے مزید بتایا ہے کہ حکمران اتحاد نے تحریک انصاف کے استعفے قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اسی فیصلے کے تحت فلور پر کھڑے ہوکر استعفے دینے والوں کے بھی استعفے قبول نہیں ہونگے، جن میں پی ٹی آئی کے جنرل سیکریٹری شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری اور شیریں مزاری شامل ہیں جنہوں نے اسمبلی کے فلور پر رکنیت چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔

 

سینئر صحافی حسن ایوب  نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ حکومتی اتحاد نے پی ٹی آئی کی واپسی کی امید پر تینوں رہنماؤں کے استعفے قبول نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ اگر ان تین رہنماؤں کے استعفے قبول ہوئے تو پھر تحریک انصاف کے بقیہ اراکین کی ایوان میں واپسی کو نقصان پہنچے گا۔

 

ذرائع نے بتایا کہ اس حوالے سے پنجاب میں بھی ق لیگ کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین نے فارمولا بنا دیا ہے اور اس فارمولے کے مطابق پرویز الہٰی اور مونس الہٰی بیانات کی حد تک پنجاب حکومت پر تنقید کرتے رہیں گے، تاہم اسے حد سے آگے بڑھ کر پرویز الہٰی پنجاب حکومت کوغیر مستحکم نہیں کرینگے جب کہ چوہدری پرویز الہٰی بطور اسپیکر پنجاب اسمبلی ہی برقرار رہیں گے۔

 

ذرائع نے بتایا کہ اس فارمولے کے تحت وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور وزرا کو بھی ق لیگ کیخلاف مقدمات اور کارروائیوں سے روک دیا گیا ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.