پاک فوج کی بی جے پی رہنماؤں کے توہین آمیز بیانات کی مذمت

19

راولپنڈی: پاک فوج نے بھارت میں حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) رہنماؤں کے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ بیانات کی مذمت کی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے تعلقات عامہ کے شعبہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ اشتعال انگیز عمل انتہائی تکلیف دہ ہے اور بی جے پی رہنماؤں کے بیانات مسلمانوں اور دیگر مذاہب کے خلاف نفرت کی نشاندہی کرتے ہیں۔ 
قبل ازیں پاکستانی دفتر خارجہ نے بھارت کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماؤں کی جانب سے نبی کریم ﷺ کی شان میں گستاخانہ بیان پر بھارتی ناظم الامور کو دفتر خارجہ طلب کر کے شدید احتجاج کیا۔ 
دفتر خارجہ کے ترجمان کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ بی جے پی رہنماؤں کی جانب سے ہتک آمیز بیان دینے پر بھارتی ناظم امور سے سخت احتجاج کیا اور بتایا گیا کہ ان بیانات سے امت مسلمہ کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ 
ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارت میں مسلم مخالف جذبات اسلاموفوبیا کے واضح نتائج ہیں، بی جے پی رہنماﺅں کے بیانات مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں اور ان سے دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات کو ٹھیس پہنچی ہے۔ 
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بی جے پی قیادت توہین آمیز بیانات کی مذمت کرے اور بھارتی حکومت ان رہنماؤں کے خلاف فیصلہ کن اور قابل عمل کارروائی کرے۔ 

تبصرے بند ہیں.