لاہور: وزیراعظم شہبازشریف نے لاہور کے علاقے جوبلی ٹاؤن میں بین الاقوامی معیار کے حامل 600 بستروں پر مشتمل انڈس اسپتال کا افتتاح کر دیا۔
لاہور میں اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ انڈس اسپتال کی تقریب میں شرکت میرے لیے باعث مسرت ہے، آج میرے لیے خوشی کا موقع ہے، ٹرسٹ اسپتال کے افتتاح کی دعوت دی گئی۔ غریبوں کیلئے ایسے منصوبے شروع کرنیوالے دین و دنیا دونوں کما رہے ہیں، جو لوگ قرآن کی تعلیمات پرعمل پیرا ہیں وہی دین اور دنیا کما رہے ہیں۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف نے سوات کے علاقے پتنئی میں آگ بجھانے کے لئے 2 ہیلی کاپٹر فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ، محکمہ جنگلات اور ریسکیو 1122 مل کر تحصیل بابوزئی کے پتنئی مینگورہ علاقے میں آگ بجھانے میں مصروف ہیں ۔
وزیراعظم نے خیبرپختونخوا کی ضلعی انتظامیہ اور معاون اداروں کی درخواست فوری منظور کرتے ہوئے آگ بجھانے کی ہدایات جاری کیں، وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ آگ بجھانے کے لئے فضائی امداد فوری فراہم کی جائے۔
تبصرے بند ہیں.