عدالت نے پولیس کو شیخ رشید کی گرفتاری سے روک دیا

11

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پولیس کو عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کو گرفتار کرنے سے روک دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے لانگ مارچ کے تناظر میں درج مقدمات سے متعلق شیخ رشید کی درخواست پر سماعت کی جس دوران سابق وزیر داخلہ وکیل کے ہمراہ عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا شیخ رشید ابھی ڈی نوٹیفائی تو نہیں ہوئے؟ جس پر شیخ رشید نے بتایا کہ میں اب بھی قومی اسمبلی کا ممبر ہوں، آپ کا حکم نامہ پورے پاکستان میں جاری ہوا لیکن یہ پھر بھی ہر روز نیا مقدمہ درج کر دیتے ہیں، یہ بہنوں کے گھروں میں ریڈ کرتے ہیں۔
عدالت نے ریمارکس دئیے کہ علی وزیربھی قید ہے، وہ بھی نمائندہ ہے، اس پرآپ مسکرارہے ہیں، کسی بھی عوامی نمائندے کو غیرضروری اس طرح نہیں رکھنا چاہیے۔ عدالت نے سیکرٹری داخلہ سے شیخ رشید کے خلاف مقدمات کی تفصیلات طلب کرتے ہوئے پولیس کو ان کی گرفتاری سے روک دیا۔

تبصرے بند ہیں.