وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی سے متعلق درخواست خارج

69

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) لانگ مارچ کے تناظر میں وزیراعظم شہباز شریف سمیت دیگر کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ نے وکیل کلثوم خالق کی جانب سے دائر کی گئی درخواست کی سماعت کی جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور دیگر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی شروع کرنے کی استدعا کی گئی تھی۔ 
دوران سماعت عدالت عالیہ نے درخواست گزار سے سوال کیا کہ عدالت عظمیٰ نے کہاں کہا ہے کہ ایف آئی آر کا اندراج نہیں ہو گا؟ عدالت وکیل کلثوم خالق سے استفسار کیا کہ آپ کس طرح متاثرہ ہیں؟ جس پر درخواست گزار نے موقف اپنایا کہ میں وکیل ہوں، یہاں اسلام آباد میں بھی مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ 
انہوں نے کہا کہ 25 مئی کو رات 8 بجے پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف مقدمات درج کئے گئے اور 19 مقدمات درج ہوئے ہیں اور اس طرح ضلعی انتظامیہ نے عدالت عظمیٰ کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے مقدمات درج کئے ہیں، جبکہ سپریم کورٹ نے کارکنوں کو رہا کرنے کا حکم دیا تھا۔ 
چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست گزار وکیل کلثوم خالق سے استفسار کیا کہ آپ کے خلاف کیا ہوا ہے؟ کیا کوئی چھاپہ مارا گیا ہے؟ احتجاج ضلعی انتظامیہ کی اجازت لے کر کرنا ہوتا ہے اور سپریم کورٹ اس معاملے کو نمٹا چکی ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے درخواست ناقابل سماعت قرار دیدی۔ 

تبصرے بند ہیں.