پیٹرول کی قیمت میں اضافہ، عمران خان کی کال پر آج ملک گیر احتجاج ہو گا

11

اسلام آباد: پیٹرول اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کی کال پر آج ملک گیر احتجاج ہو گا۔ 
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمت میں اضافے پر تین جون کو ملک گیر احتجاج کا اعلان کرتے ہوئے عوام سے نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکلنے کی اپیل کی تھی۔ 
انہوں نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں بڑھنے سے پورا ملک سکتے میں آ گیا ہے، عوام نماز جمعہ کے بعد سڑکوں پر نکلے اور امپورٹڈ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج کرے۔
دوسری جانب پی ٹی آئی نے پیٹرولیم مصنوعات اور بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کو عوام دشمن مطالبہ قرار دیتے ہوئے اسے مسترد کردیا ہے۔ 
پی ٹی آئی کے سیکرٹری اطلاعات فرخ حبیب نے اپنے بیان میں کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 60 روپے لیٹر اضافہ اور بجلی کی قیمتوں میں 8 روپے فی یونٹ اضافہ کو مسترد کرتے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت روس سے سستا تیل لینے جارہے تھی اور بات چیت حتمی مراحل پر تھی مگر حکومت تبدیل ہوگئی جس کے بعد امپورٹڈ حکومت اب پیٹرول مہنگا کرکے بوجھ عوام پر ڈال رہی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.