ایم کیو ایم الیکشن کے بیانات نہ دے، انتخابات وقت پر ہی ہوں گے: آصف علی زرداری

43

کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) الیکشن کے بیانات نہ دے، انتخابات وقت پر ہی ہوں گے اور مستقبل میں بھی مل کر چلیں گے۔ 
تفصیلات کے مطابق خالد مقبول صدیقی، کنور نوید جمیل، جاوید حنیف اور صادق افتخار پر مشتمل ایم کیو ایم کے وفد نے بلاول ہاؤس میں آصف علی زرداری سے ملاقات کی جس دوران سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، ناصر شاہ، سعید غنی، مرتضی وہاب و دیگر رہنماءبھی موجودتھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں سندھ میں بلدیاتی نظام میں ترامیم اور نئی قانون سازی سمیت دونوں جماعتوں میں ہونے والے معاہدے کے نکات پر اب تک ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا اور دونوں جماعتوں میں مذاکرات سے تمام امور طے کئے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ 
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم انتخابات کے بیانات نہ دے کیونکہ انتخابات وقت پر ہی ہوں گے ، مستقبل بھی مل چلیں گے، ہم کشتیاں جلاکر آئے ہیں اور اب کوئی پیچھے کیوں ہٹے گا، ملک کی معاشی صورتحال خراب ہے پہلے اسے ٹھیک کرنا ہے، عمران 25 مئی کو بھی ناکام ہوا آگے بھی ناکام ہوگا۔
ایم کیو ایم رہنماؤں نے شکوہ کیا کہ ہمارے ساتھ کئے گئے معاہدے پر پیش رفت نہیں ہو رہی اور بلدیاتی انتخابات بھی ملتوی ہورہے ہیں، ہمیں ایڈمنسٹریٹر کراچی سمیت معاہدے میں شامل نکات پر عملدرآمد چاہئے جس پر آصف زرداری نے یقین دہانی کرائی کی کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کل آپ کے مسائل پر بیٹھیں گے اور معاملات پر پیش رفت ہو گی۔

تبصرے بند ہیں.