سابق حکومت کے آمرانہ قوانین میں ترامیم کرنا ہماری آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے: شیری رحمان

24

اسلام آباد: وفاقی وزیر شیری رحمان نے کہا کہ نیب قوانین میں ترامیم پر تحریک انصاف کے الزامات بلاجواز اور مضحکہ خیز ہیں ۔ سابق حکومت کے آمرانہ قوانین میں ترامیم کرنا ہماری آئینی اور اخلاقی ذمہ داری ہے ۔

 

شیری رحمان نے نیب قانون میں ترامیم سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے بلڈوز شدہ قوانین میں ترامیم کرنا موجودہ حکومت کا مشترکہ ایجنڈا ہے ۔ سابق حکومت نے پونے 4 سال نیب کے اختیارات کا ناجائز استعمال کیا ، لوگوں کو گرفتار کرکے کئی کئی دن کورٹ میں پیش نہیں کیا جاتا تھا ۔ نئے قوانین میں نیب گرفتار افراد کو 24 گھنٹے میں نیب کورٹ میں پیش کرنے کا پابند ہوگا ۔

 

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ سابق حکومت میں مخالفین کو بغیر انکوائری کے کئی ماہ قید میں رکھا جاتا تھا ۔ ترامیم کے بعد اب نیب 6 ماہ کے اندر انکوائری کا آغاز کرنے کا پابند ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ فیٹف قوانین کی آڑ میں سابق حکومت نے مخالفین کو نشانہ بنانے کیلئے قوانین بنائے ۔

 

شیری رحمان نے کہا کہ حکومتی اتحاد کو غیر فطری کہنے والے وہ لوگ ہیں جو اتحادیوں کی بیساکھی پر کھڑے رہے ۔ ہم نے سلیکٹڈ حکومت سے کبھی کوئی رعایت نہیں مانگی ، کون این آر او مانگ رہا تھا یہ سب نے سن لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رہنما کبھی جہاد اور کبھی مذاکرات کا اعلان کرتے ہیں ۔

 

 

تبصرے بند ہیں.