بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن کا میدان سج گیا

31

کوئٹہ: بلوچستان میں بلدیاتی الیکشن کا میدان سج گیا ، 32 اضلاع کی 7 میونسپل کارپوریشنز اور 49 میونسپل کمیٹیوں میں پولنگ آج ہو رہی ہے ۔

 

تفصیلات کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے لیے 5 ہزار 226 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں جبکہ انتخابات والے اضلاع میں دفعہ 144 نافذ ہے ۔ 30 مئی تک ڈبل سواری پر پابندی کے علاوہ اسلحے کی نمائش اور ہر قسم کی نعرے بازی پر پابندی عائد ہے ۔

 

میڈیا رپورٹ کے مطابق بلدیاتی الیکشن میں 35 لاکھ ، 52 ہزار 938 ووٹرز بلدیاتی نمائندوں کو منتخب کریں گے جبکہ 1584 وارڈز میں امیدوار بلامقابلہ منتخب ہو چکے ہیں ۔ عام نشستوں پر خواتین امیدواروں کی تعداد انتہائی کم ہے ۔

 

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پولنگ کا عمل پُر امن طریقے سے بلوچستان کے 32 اضلاع میں جاری ہے ۔ تمام مانیٹرنگ ٹیمیں بلوچستان کے 32 اضلاع میں متحرک ۔ اس کے علاوہ وہ خود بھی مرکزی کنٹرول روم سے انتخابات کی نگرانی کر رہے ہیں ۔

 

اُن کا کہنا تھا کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو چوکس رہنے کا حکم دیا ہے ، پولنگ میں مداخلت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور کسی بھی خلاف ورزی پر فوری ایکشن لیا جائے گا ۔

 

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ عوام بے خوف و خطر اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں ۔ خواتین کو ووٹ ڈالنے سے روکنے پر قانونی کارروائی کی جائے گی ۔

 

واضح رہے کہ پولنگ کا عمل شام 5 بجے تک بغیر وقفے کے جاری رہے گا ۔

 

 

تبصرے بند ہیں.