حکومت کے بعد عمران خان نے بھی معاہدے کی تردید کر دی

77

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے حکومت کیساتھ معاہدے کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اسمبلیوں کی تحلیل اور انتخابات کے اعلان تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’ حکومت کیساتھ معاہدہ طے پانے کی خبریں غلط اور افواہیں ہیں۔ ایبسولیوٹلی ناٹ! ہم اسلام آباد کی جانب بڑھ رہے ہیں اور کسی بھی طرح کے معاہدے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ہم اسمبلیو ںکی تحلیل اور نئے انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے تک اسلام آباد میں ہی رہیں گے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی کے لوگوں سے اپیل ہے کہ وہ لانگ مارچ میں شریک ہوں۔‘

واضح رہے کہ کچھ دیر قبل حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان معاہدہ طے پانے کی خبر سامنے آئی تھی اور کہا گیا تھا کہ اب لانگ مارچ نہیں بلکہ صرف جلسہ ہو گا جبکہ سڑکوں سے کنٹینرز ہٹائے جانے کا بھی امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان صبح 10 بجے سے ڈیڑھ بجے تک مذاکرات ہوئے جن میں پی ٹی آئی کی جانب سے اسدعمر، پرویزخٹک اور شاہ محمود قریشی جبکہ حکومت کی جانب سے ایازصادق، اسعد محمود اور یوسف رضاگیلانی نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی اب لانگ مارچ نہیں بلکہ صرف جلسہ کرے گی اور عمران خان جلسہ کر کے واپس چلے جائیں گے۔

تاہم وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اس خبر کے کچھ ہی دیر بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات اور کسی بھی طرح کے معاہدے کی تردید کر دی۔
انہوں نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور معاہدہ کی خبر بے بنیاد ہے۔ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مسلح جتھے کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔‘

مریم اورنگزیب کی جانب سے تردید کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءڈاکٹر شہباز گل نے بھی ان خبروں کو غلط قرار دیا اور ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں لکھا ’جیو غلط خبر دے رہا ہے کہ ہمارا کسی قسم کا معاہدہ ہو گیا ہے۔ یہ خبر غلط ہے۔‘

تبصرے بند ہیں.