حکومت کے بعد پی ٹی آئی نے بھی معاہدے کی خبر کو غلط قرار دیدیا

24

اسلام آباد: حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کیساتھ مذاکرات اور معاہدے کی خبر کی تردید کے بعد پی ٹی آئی کے رہنماءڈاکٹر شہباز گل نے بھی ان خبروں کی تردید کر دی ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شہباز گل نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’جیو غلط خبر دے رہا ہے کہ ہمارا کسی قسم کا معاہدہ ہو گیا ہے۔ یہ خبر غلط ہے۔‘ 

خیال رہے کہ اس سے قبل وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے بھی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ مذاکرات اور کسی بھی طرح کے معاہدے کی تردید کی تھی۔ 
مریم اورنگزیب نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’وفاقی حکومت اور پاکستان تحریک انصاف کے درمیان کوئی معاہدہ نہیں ہوا۔ حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان مذاکرات اور معاہدہ کی خبر بے بنیاد ہے۔ پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے مسلح جتھے کے ساتھ کوئی معاہدہ نہیں کیا گیا۔‘ 

یاد رہے کہ کچھ دیر قبل حکومت اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے درمیان معاہدہ طے پانے کی خبر سامنے آئی تھی اور کہا گیا تھا کہ اب لانگ مارچ نہیں بلکہ صرف جلسہ ہو گا جبکہ سڑکوں سے کنٹینرز ہٹائے جانے کا بھی امکان ہے۔ 
ذرائع کا کہنا تھا کہ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان صبح 10 بجے سے ڈیڑھ بجے تک مذاکرات ہوئے جن میں پی ٹی آئی کی جانب سے اسدعمر، پرویزخٹک اور شاہ محمود قریشی جبکہ حکومت کی جانب سے ایازصادق، اسعد محمود اور یوسف رضاگیلانی نے شرکت کی۔ 
ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف کے درمیان معاہدہ طے پا گیا ہے جس کے مطابق پی ٹی آئی اب لانگ مارچ نہیں بلکہ صرف جلسہ کرے گی اور عمران خان جلسہ کر کے واپس چلے جائیں گے۔ 

تبصرے بند ہیں.