اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے پنجاب میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) منحرف اراکین کے ڈی سیٹ ہونے پر خالی ہونے والی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے اعلان کے مطابق ان نشستوں پر 17 جولائی کو انتخابات ہوں گے۔ یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان کو ڈی سیٹ کرنے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کردیا تھا۔
واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے 20 مئی کو پاکستان تحریک انصاف کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کے خلاف محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں ڈی سیٹ کیا تھا۔
چیف الیکشن کمشنر نے فیصلے میں کہا تھا کہ منحرف ارکان پنجاب اسمبلی سے متعلق فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ہے۔ ڈی سیٹ ہونے والوں میں سے 5 کا تعلق علیم خان گروپ، 4 ارکان کا تعلق اسد کھوکھر گروپ، اور 16 ارکان کا تعلق جہانگیر ترین گروپ سے ہے۔
ڈی سیٹ ہونے والے منحرف اراکین پنجاب اسمبلی میں نذیر چوہان، محمد اجمل، علیم خان، ملک غلام رسول سنگا، سعید اکبر خان، راجہ صغیر احمد، ملک نعمان لنگڑیال، محمد سلمان، نذیر احمدخان، زوار وڑائچ اور محمد امین ذوالقرنین شامل ہیں۔
اسی طرح ہارون عمران گل، عائشہ نواز، ساجدہ یوسف، زہرہ بتول، عظمیٰ کاردار، فدا حسین، محمد طاہر، فیصل حیات، مہر محمد اسلم، محسن عطاءخان کھوسہ، میاں خالد محمود، ملک اسد، اعجاز مسیح اور سبطین رضا بھی ڈی سیٹ ہونے والوں میں شامل ہیں۔
تبصرے بند ہیں.