اسلام آباد ہائیکورٹ کا پی ٹی آئی کے 70 کارکنان کو رہا کرنے کا حکم

102

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار کئے گئے 70 کارکنان کو حلف نامہ لے کر چھوڑنے کا حکم دیدیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کارکنان کو پولیس کی جانب سے ہراساں کرنے کے خلاف درخواست پر سماعت ہوئی جس دوران عدالت نے استفسار کیا کہ بتایا جائے پی ٹی آئی کارکنان کو غیر ضروری طور پر ہراساں کیوں کیا جا رہا ہے۔ 
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے عدالت کو بتایا کہ ایک سیاسی جماعت نے اجازت طلب کی تھی لیکن ان کو اجازت نہیں دی گئی ، آئی ایس آئی ، ایم آئی دیگر ایجنسیز کی رپورٹ کے بعد ہم نے اجازت نہیں دی، نیکٹا نے بھی ایک تھریٹ دیا ہے کہ کوئی غیر ملکی ایجنسی اس سیاسی جماعت کو ٹارگٹ کر سکتی ہے اور تقریباً 70 کارکنان کو اسلام آباد میں گرفتار کیا گیا۔ 
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دئیے کہ اگر کسی بارے میں رپورٹ ہے کہ وہ میٹرو کو توڑنا چاہ رہا ہے تو آپ اس سے بانڈ لے سکتے ہیں، جب تک کسی نے ایکٹ نا کیا ہو تو صرف شک کی بنیاد پر ہراساں تو نہیں کیا جا سکتا ، آپ ایسا کریں گرفتار افراد کو بانڈ لے کر رہا کر دیں۔ 
اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار کئے گئے 70 افراد سے بانڈ لے کر انہیں رہا کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ اگر کسی کے خلاف کوئی کیس ہو تو اس سے متعلق کل عدالت کو آگاہ کیا جائے۔ 

تبصرے بند ہیں.