اجازت نہیں دی جارہی، پی ٹی آئی کا لانگ مارچ روکا جائے گا: وفاقی وزیر داخلہ کا دو ٹوک اعلان

45

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ  رانا ثناءاللہ نے دو ٹوک اعلان  کرتے ہوئے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو اجازت نہیں دی جا رہی، لانگ مارچ کو روکا جائے گا۔ کسی کو فتنہ،فساد پھیلانے اور ریاست کو ڈکٹیٹ کرنے  کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

 

اسلام آباد میں کابینہ اجلاس  کے فیصلوں سے متعلق   بریفنگ کے دوران  رانا ثناء اللہ نے کہا کہ عمران خان  لانگ مارچ کے نام پر قوم  کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، یہ جتھہ وفاق پر حملہ آور ہونے آ رہا ہے۔ انہوں  نے مزید کہا کہ  ویسے تو پی ٹی آئی رہنما بڑے بہادربنے پھرتےہیں لیکن  اب یہ سب پشاور میں اکٹھےہو گئے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ خونی لانگ مارچ کی بات کی جا رہی ہے۔افراتفری سے متعلق بیانات ریکارڈ پر ہیں۔ لانگ مارچ کے ذریعے حکومت کو اٹھا کر پھینکنے کی بات کی گئی۔ 2014 میں بھی انہوں نے پُرامن لانگ مارچ کا کہا تھا مگر وعدہ خلافی کی اور  یہاں پر آ کر  ریڈ زون میں داخل ہوئے اور وزیر اعظم کو گھسیٹنے اور سول نافرمانی کی بات کی۔انہوں نے اعلان کیا کہ  کابینہ نے فیصلہ کیا ہے کہ ان کو یہاں پر فتنہ اور فساد پھیلانے کے لیے لانگ مارچ اجازت نہیں دی جا رہی۔ روکا جائے گا۔

 

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ  پارلیمانی طریقہ کار سے عمران خان کی حکومت ختم ہوئی اور جن ووٹوں سے وہ وزیر اعظم بنے انہیں ووٹوں سے شہباز شریف وزیر اعظم منتخب ہوئے۔ آئینی عمل کو سبوتاژ کرنے کے لیے پہلے غیر ملکی سازش کا الزام لگایا گیا، پھر کہا گیا مجھے قتل کر دیا جائے گا اور اب 25 مئی کو لانگ مارچ کے نام پر فتنہ فساد مارچ کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ کوئی لانگ مارچ نہیں، یہ ایک فتنہ ایک فساد مارچ ہے۔ یہ مارچ قوم کو تقسیم کرنے کے لیے اور ملک میں افراتفری کے لیے کیا جا رہا ہے۔

تبصرے بند ہیں.