ویرات کوہلی کو کشمیر پریمئیر لیگ میں شامل ہونے کی دعوت دینے کا فیصلہ

45

لاہور : سابق بھارتی کپتان اور مایہ ناز بلے باز ویرات کوہلی کو کشمیر پریمئیر لیگ میں شامل ہونے کیلئے باضابطہ دعوت دینے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

نیو نیوز کے مطابق کشمیر پریمیئر لیگ کے صدر عارف ملک نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کو کے پی ایل میں شامل ہونے کی دعوت دی جائیگی اب یہ ان پر منحصر ہے کہ وہ چاہیں تو کرکٹ کھیلنے آئیں یا پھر میچز دیکھنے.

 صدر کے پی ایل عارف ملک نے مزید کہا کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کشمیر پریمیئر لیگ کو سیاسی رنگ دیکر متنازعہ نہ بنائے، ہم کے پی ایل کے ذریعے امن کا پیغام دے رہے ہیں، ہم چاہتے ہیں کہ بھارتی کرکٹر بھی لیگ کا حصہ بنیں اور کرکٹ کے ذریعے دونوں جانب کشیدگی کم ہو، کشمیر پریمیئر لیگ کرکٹ لیگ کیساتھ ساتھ ایک مقصد بھی ہے، جس کے تحت کشمیر میں کرکٹ کو فروغ دینا اور اس ریجن کے کھلاڑیوں کو سہولیات فراہم کرنا ہے ۔ اپنے بیان میں صدر کے پی ایل عارف ملک کا کہنا تھا کہ اس مشن کے ذریعے کشمیری علاقوں کو معاشی طور پر مستحکم کرنا اور فائدہ پہنچانا ہے. ہمارا ہر اقدام کرکٹ کے فروغ کیلئے ہوگا، پہلے سیزن میں مظفرآباد کے لوگوں سے سروے کیا گیا تو پتہ چلا کہ لوگوں کو کبھی اتنا مالی فائدہ کاروبار میں نہیں ہوا جتنا اس ایک ماہ کے اندر لیگ کے دوران ہو ا، سیزن ٹو کی پلاننگ بہت واضح ہے لیگ کے پہلے کے ایک، دو سیزن میں صورتحال آئیڈیل نہیں ہوتیں لیکن دو، تین سیزن ہونے کے بعد چیزیں خود بخود بہتر سے بہتر ہوتی چلی جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ سیزن ٹو کا یکم اگست سے باقاعدہ آغاز کرنے جارہے ہیں، اس حوالے سے چئیرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ سے بھی ملاقات ہوئی ہے ہم چاہتے ہیں کہ پی سی بی کے ساتھ مل کر چلیں تاکہ ٹیکنکل سپورٹ حاصل رہے ہیں ، ہم پی سی بی کے ساتھ مل کر ہی آگے بڑھنا چاہ رہے ہیں۔ 14 اگست کو جب 75 واں جشن آزادی منایا جائے تب فائنل ہوگا جو تاریخی ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جولائی کے اوائل میں شارجہ کرکٹ گرائونڈ میں کرکٹ فیسٹیول کا انعقاد کیا جائیگا اس فیسٹیول کی خاص بات یہ ہوگی کہ اس میں کشمیری کھلاڑی ورلڈ اسٹارز سے مقابلہ کرینگے جس سے یقیناً انکی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا.
 
 
 
 
 

تبصرے بند ہیں.