ہیٹ ویو کے باعث پاک، ویسٹ انڈیز میچز کے اوقات میں تبدیلی کا امکان

65

لاہور: پاکستان میں جاری شدید گرمی کی لہر کے باعث پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والی ایک روزہ سیریز کے میچز کے اوقات کار تبدیل ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں ہیٹ ویو کے باعث میچز دن میں شروع نہیں کروائے جا سکتے جس کے باعث پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے تینوں ایک روزہ میچز تقریباً شام 5 بجے شروع کروانے پر غور شروع کر دیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ عموماً ڈے اینڈ نائٹ ایک روزہ میچز پاکستانی وقت کے مطابق 2 بجے شروع کئے جاتے ہیں لیکن دوپہر کے وقت راولپنڈی اور ملتان میں درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ سے تجاوز کر جاتا ہے جس کے باعث پاکستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ایک روزہ میچز دوپہر میں شروع کروانا ممکن نہیں۔ 
ذرائع کے مطابق ہیٹ ویو کے باعث یہ میچز شام تقریباً 5 بجے شروع کروائے جانے کے قوی امکانات ہیں اور اس کیساتھ ہی دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کو ہیٹ ویو سے بچانے کیلئے پی سی بی کی جانب سے ڈرنکس بریک اور کولنگ کالر کے انتظامات بھی کئے جائیں گے۔ 
یاد رہے کہ اس سے قبل 2012 میں بھی پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ایک روزہ سیریز کے میچز شام 6 بجے شروع کروانے کا فیصلہ کیا تھا، دونوں ٹیموں کے مابین متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ایک روزہ سیریز کھیلی گئی تھی جس کے میچز شام 6 سے رات 1 بج کر 45 منٹ تک کھیلے گئے تھے۔

تبصرے بند ہیں.