عامر  لیاقت نے دانیہ سمیت پوری قوم سے معافی مانگ لی، آخری پیغام میں رو پڑے

495

لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن قومی اسمبلی عامر  لیاقت حسین نے ہمیشہ ہمیشہ کیلئے پاکستان چھوڑنے سے قبل اپنا آخری جذباتی ویڈیو پیغام جاری کر دیا جس میں دانیہ سمیت اپنی سابقہ بیویوں اور پوری قوم سے معافی مانگتے ہوئے آبدیدہ ہو گئے۔

 

 

سوشل میڈیا ایپ انسٹاگرام پر  عامر لیاقت حسین نے اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے  52 منٹ سے زائد پر محیط طویل ویڈیو پیغام جاری کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں دانیہ اور سابقہ دونوں بیویوں اور بچوں سمیت پاکستانی قوم سے معافی مانگی ، اس دوران عامر لیاقت اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ پائے اور آبدیدہ ہو گئے۔

 

ویڈیو  کیساتھ  عامر لیاقت نے ایک طویل تحریر بھی لکھی جس میں کہا کہ ’میں نے اس حیاتِ شکستہ میں جس جس کا دل دُکھایا ہے جانے سے قبل ان سب سے معافی مانگتا ہوں، مجھے معاف کر دیجیے گا، جس کسی کا مجھ پر قرض ہے وہ قرض اتار دوں گا۔ ان شاء اللہ مرنے سے قبل اور ایک بڑے چینل سمیت جس نے بھی میری رقم ہضم کر لی ہے وہ بس اللہ سے ڈریں اور ڈھیل کو اپنی دعاؤں کی قبولیت نہ سمجھیں۔‘

منحرف پی ٹی آئی رہنما نے اپنی تحریر میں نوجوانوں کو  مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ ’ نوجوانوں سے ملتمس ہوں کہ کسی کو جاننے یا اس سے ملنے سے پہلے کسی کی سنی سنائی باتوں میں آکر اپنے والدین کی دوڑ دھوپ ، تکلیف سے پالنے ،  حلال کمائی سے آپ کے لیے کمانے اور پھر آپ کی تربیت کرنے کو اپنے عمل سے گندا نہ کریں۔‘ انہوں نے مزید لکھا کہ ’ پاکستان کے لیےجیئں اور سیاسی نعروں میں گم ہو کر اپنی فوج کو گالیاں نہ دیں، مذاق کریں لیکن مذاق اڑائیں نہیں، رنگ، نسل، ذات اور شکل و ساخت پر کسی کا بھی مذاق نہ اڑائیے کہ سب احسن تقویم پر پیدا ہوئے۔‘

 

 

عامر لیاقت نے دانیہ سے متعلق کیے گئے دعوے اور دونوں سابقہ بیویوں پر  وضاحت دیتے ہوئے لکھا ’میں نے جذباتی کیفیت میں اپنی اہلیہ دانیہ کو کچھ بھلا بُرا کہا ہے آپ نہ کہیے گا وہ ابھی چھوٹی ہے اور کوئی اسے گرفتار کرے نہ پریشان کیونکہ میں نے تکلیف میں گرفتاری کی بات کہہ دی تھی، اللہ اسے بھی اور  بشریٰ، طوبیٰ ، احمد اور دعا کو سلامت رکھے سرفراز فرمائے۔ بشریٰ اور مزید اپنی تعلیم اور علم میں ستارہ بن کر چمکیں اور طوبیٰ تو ماشاء اللہ ستارہ بن ہی چکی ہیں۔‘

 

عامر لیاقت نے اپنے بچوں کے لیے نیک خواہشات کا اظہار  بھی کیا اور کہا کہ ’دعا اس ملک کی بہترین آرٹسٹ بننے جا رہی ہے اور احمد جیسا ذہین انجینئر پاکستان کو جلد ملنے والا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ  میں سوشل میڈیا  پر ہمیشہ فعال اور جیسا ہوں ویسا ہی ملوں گا۔

 


تبصرے بند ہیں.