ملک میں پانی کی شدید قلت، عوام، فصلیں اور جانور سب پانی کو ترس گئے

32

لاہور: ملک میں پانی کی شدید قلت نے عوام کو بے حال کر دیا ، عوام ، فصلیں اور جانور سب پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ۔

 

ملک بھر میں ہر طرف پانی کی دہائی ، شدید قلت کے باعث مختلف علاقوں میں احتجاج کیا گیا ۔ صادق آباد میں کسانوں نے مرغا بن کر پانی کی عدم دستیابی کے خلاف احتجاج کیا ، ان کا کہنا تھا شاید اس طرح ہماری آواز اقتدار کے ایوانوں تک پہنچ جائے ۔

 

ملک میں بارشیں نہ ہونے سے خشک سالی نے ڈیرے ڈال دیئے ہیں ، اندرون سندھ قاضی احمد میں پانی کی قلت کے خلاف قومی شاہراہ سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی نکالی گئی ۔ دریائے سندھ جہاں پانی کا راج تھا اب خشکی ہی خشکی ہے ۔ دریا میں اب پانی کی جگہ مٹی اور ریت اڑ رہی ہے ۔

 

ڈیرہ غازی خان تحصیل کوہ سلیمان کے پانی کے چشمے اور تالاب سوکھ گئے ، ہر طرف خشکی ہی خشکی ہے ۔ جہانیاں میں پانی کی کمی نے کپاس کی فصل تباہ کر دی ۔ کسان اپنی فصل کو دیکھ کر مایوس ہو رہے ہیں کیونکہ پانی کا دور دور تک کوئی نشان نہیں ۔

 

ڈیرہ بگٹی پیر کوہ میں پانی کی قلت سے ہیضے کی وبا عام ہو گئی ، شہریوں نے مرکزی شاہراہ پر دھرنا دے دیا ۔ سبی میں کسانوں کو چاول کی کاشت نہ کرنے کا سرکاری حکم نامہ جاری کر دیا گیا ۔

 

ملک میں بارشیں نہ ہونے سے دریا اور ڈیم خشک ہو چکے ہیں ، ملک شدید خشک سالی کا شکار ہے ، بارشوں کا فی الحال کوئی امکان نظر نہیں آ رہا ہے ۔ ایسے میں انسانوں کے ساتھ ساتھ جانور بھی پیاس سے بلبلا اٹھے ہیں ۔

 

 

 

تبصرے بند ہیں.