پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق آج اہم فیصلہ متوقع

374

لاہور: ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے متعلق آج اہم فیصلہ متوقع ہے۔

 

ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات پر دی جانیوالی سبسڈی کو مرحلہ وار ختم کیا جانے کا امکان ہے اور مرحلہ وار ہی قیمتوں میں اضافہ ہو گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ  اوگرا نے حکومت کو پیٹرولیم مصنوعات پر بڑھتی ہوئی سبسڈی سے آگاہ کر دیا ہے ، اس وقت فی لیٹر پیٹرول پر حکومت 29 روپے 60 پیسے سبسڈی دے رہی  ہے، جبکہ 16 مئی سے فی لیٹر پیٹرول پر سبسڈی کی یہ رقم 45 روپے 14پیسے تک ہو جائے گی۔ تاہم اگر حکومت مکمل سبسڈی ختم کر دے تو فی لیٹر پیٹرول 45 روپے 15پیسے مہنگا ہو گا اور پیٹرول کی نئی قیمت  195 روپے فی لیٹر تک پہنچ جائے گی۔

اسی طرح  اس وقت ڈیزل پر فی لیٹر سبسڈی 73روپے 4 پیسے ہے، 16 مئی سے ڈیزل پر سبسڈی 85 روپے 85 پیسے تک پہنچ جائے گی، مکمل سبسڈی ختم کرنے سے ڈیزل کی قیمت 230 روپے فی لیٹر ہو جائے گی۔جبکہ مٹی کے تیل پر فی لیٹر سبسڈی 43 روپے 16پیسے ہے۔ 16مئی سے مٹی کے تیل پر فی لیٹر سبسڈی 50.44 روپے ہوجائے گی، مٹی کے تیل پر ساری سبسڈی ختم کرنے سے فی لیٹر قیمت 176روپے ہوجائے گی۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ لائٹ ڈیزل آئل پر اس وقت فی لیٹر سبسڈی 64.70 روپے ہے، 16 مئی سے لائٹ ڈیزل پر یہ سبسڈی 68 روپے فی لیٹر ہوجائے گی، لائٹ ڈیزل کی مکمل سبسڈی ختم ہونے سے فی لیٹر قیمت 186روپے31 پیسے ہوجائے گی۔

پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا حتمی فیصلہ  وزارت خزانہ وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد  کرے گی۔

تبصرے بند ہیں.