ڈالر ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ 193 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا

27

کراچی: ڈالر کی قدر میں اضافے اور روپے کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے اور ملکی تاریخ میں ڈالر پہلی بار 193 روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق جمعہ کی صبح انٹر بینک میں ڈالر کی قدر میں ایک روپیہ 30 پیسے کا اضافہ ہوا جس کے بعد ڈالر کی قدر 193 روپے سے زائد ہوگئی جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 193 روپے سے زائد قیمت پر پہنچ گیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ آج شام کاروبار بند ہونے تک ڈالر کی قدر میں مزید اضافے کا امکان ہے، یکم اپریل سے اب تک ڈالر تقریبا ً8 روپے تک مہنگا ہوچکا ہے اور ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی عدم استحکام اور انٹرنیشنل مانیٹرنگ فنڈ (آئی ایم ایف) سے بات چیت میں ناکامی کی اس کی بڑی وجوہات ہیں۔ 
واضح رہے کہ بیرونی ادائیگیوں اور درآمدی بل کی وجہ سے زرمبادلہ کے ذخائر پر پڑنے والے دباو¿ سے شرح مبادلہ بھی کم ہورہی ہے۔ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت سعودی عرب، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) اور کویت سمیت دوست ملکوں سے کوئی بیل آؤٹ پیکیج لینے میں تاحال ناکام ہے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ چین سے بھی حال ہی میں پوری ہونے والی قرضے کی مدت میں بھی توسیع نہیں ہو سکی اور آئی ایم ایف سے مذاکرات میں بھی خدشات درپیش ہیں جبکہ زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی، قرضوں کی مدت میں توسیع، بیل آؤٹ  پیکیج سمیت کئی مسائل کے اثرات فاریکس مارکیٹ پر بھی مرتب ہورہے ہیں جس سے روپے کی قدر کمی کاشکار ہے۔

تبصرے بند ہیں.