لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءخود رابطے کر رہے ہیں کہ ہمیں بچاؤ، معاشی حالات کی درستگی ہماری اولین ترجیح ہے اور اس کیلئے ہمیں جلد فیصلے کرنا ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ جب 14 مہینے رہ گئے ہوں توہرالیکشن اگلا الیکشن ہے، مارکیٹس میں منفی رجحانات نمایاں نظر آ رہے ہیں، معاشی حالات درست کرنا چاہتا ہیں اور یہی ہماری اولین ترجیح بھی ہے جبکہ اگلے مرحلے میں انتخابات کرائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ ہم عمران خان کی طرح کا رویہ اختیار نہیں کریں گے، دباﺅ آیا تو ہمارے پاس ایلچی بھیج دیئے کہ اسمبلی تحلیل کرتا ہوں استعفے نہ دیں،دھرنا نہ دیں لیکن اب اس قسم کی کوئی بات نہیں ہو گی بلکہ اب آئین و قانون کے مطابق بات ہو گی، حتمی طاقت عوام ہیں اور اگر ہمیں مینڈیٹ کی ضرورت پڑی توعوام کے پاس ہی جائیں گے۔
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ اگر حالات پانچ سال پورے کرنے کے ہوئے تو مقررہ وقت پر ہی انتخابات کرائیں گے، ملک کی معاشی صورتحال کی بہتری کیلئے آج فیصلہ کریں گے، کسی صورت عمران خان جیسا رویہ نہیں رکھیں گے کہ اقتدار گیا تو اداروں کو برابھلا کہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نیوٹرلٹی کی مخالفت کرتے ہیں، ان کا ہر چیز کو ناپنے کا پیمانہ یہ ہے کہ لوگ، ادارے ان کی ذات سے وفاداری کا اعلان کریں،لیکن وفاداری افراد سے نہیں ہوتی کیونکہ افراد آج ہیں کل نہیں ہیں۔
لیگی رہنما نے کہا کہ وطن،ریاست اور آئین دوام ہے، وفاداری ان کیساتھ ہونی چاہئے، میرا تو دل کرے گا کل ہی نواز شریف کو لے کر چلا جاﺅں لیکن اس بارے میں حتمی فیصلہ پارٹی ہی کرے گی۔
تبصرے بند ہیں.