لندن: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی قیادت میں لندن میں ہونے والے اہم اجلاس میں ملکی معیشت کو سنبھالنے سے متعلق اہم فیصلوں کا اعلان آج ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق نواز شریف کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی کابینہ کے متعدد وزراءنے شرکت کی۔ اجلاس میں اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ملکی معیشت کو سنبھالنے سے متعلق کئی اہم فیصلے بھی کئے گئے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نواز شریف نے عوام پر کم سے کم بوجھ ڈالنے کی حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت کرتے ہوئے آئینی اصلاحات کا عمل بھی جلد از جلد مکمل کرنے کا کہا ہے جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ مسلم لیگ (ن) بھی جلد ہی انتخابات کی طرف جانا چاہتی ہے۔
نواز شریف نے وزیراعظم بننے پر شہباز شریف کو مبارکباد بھی اور ضلعی سطح پر پارٹی کو منظم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی رہنما اور کارکن عوام سے رابطے بڑھائیں۔
دوسری جانب وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی زیرصدارت حتمی فیصلوں کیلئے آج پھر اجلاس ہو گا جس میں ملک اور عوام کو بحران سے نکالنے کیلئے حکمت عملی کی منظوری دی جائے گی۔
Next Post
تبصرے بند ہیں.