اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے روکا گیا تو سپریم کورٹ جاؤں گا: شیخ رشید

55

راولپنڈی: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے روکنے پر سپریم کورٹ جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’اگر ایک کروڑ اوورسیز پاکستانیوں کو جن کے پیسوں سے ملک چل رہا ہے ان کو ووٹ دینے کے حق سے روکا گیا تو میں سپریم کورٹ جاؤں گا اور ان کو یہ حق دلوا کر رہوں گا اور ساری دنیا میں اوورسیز پاکستانی بھی موجودہ حکومت کے اس فیصلے کے خلاف احتجاج کریں گے۔‘ 

ایک اور ٹوئٹ میں ان کا کہنا تھا ’ہندوستان کے ساتھ تجارت کرنے کا موجودہ حکومت کا ایجنڈا ہندوستان کے 5 اگست کے آرٹیکل 35 اے اور 370 کے ناپاک فیصلے کی حمایت کے مترادف ہے جسے پاکستانی اور کشمیری قوم کسی بھی قیمت پر قبول نہیں کرے گی۔‘ 

واضح رہے کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت نے قومی اسمبلی میں دوہری شہریت والوں سے ووٹ کا حق واپس لینے اور صرف پاکستانی شہریت والے اوورسیز کو حق دینے کا بل پیش کر دیا ہے۔ 
سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف کی زیرصدارت اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رکن نور عالم خان نے الیکشن ایکٹ ترمیمی بل پیش کرتے ہوئے کہا کہ دوہری شہریت کے حامل بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کیخلاف اور صرف پاکستانی شہریت رکھنے والے بیرون ملک پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حق میں ہیں۔ 

تبصرے بند ہیں.