امید ہے عمران خان میانوالی جلسے میں لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے: شیخ رشید

15

راولپنڈی: سابق وفاقی وزیرداخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ امید ہے عمران خان میانوالی کے جلسے میں لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے ۔ 
تفصیلات کے مطابق شیخ رشید نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’ جس سامراجی مراسلے کو جو عمران خان کی حکومت ختم کرنے کے خلاف سازش تھا۔ اس کو حکومت بے بنیاد اور جعلی قرار دیتی تھی۔ آج خود اپنے بیانئے کے خلاف تحقیقاتی کمیشن بنانے کا اعلان کر رہے ہیں جبکہ عمران خان جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کر رہا ہے۔‘ 

ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ’یہ بات ثابت ہو گئی کہ مداخلت کانسپریسی سے زیادہ خطرناک ہوتی ہے۔ جیسے کہ انگریز نے برصغیر میں کی۔ اور (ن) لیگ کی طرف سے جلسوں کی ابتداءجلد الیکشن کی ایک کڑی ہے۔ دو ووٹوں کی اکثریتی حکومت دو ماہ میں ہی سیاسی طور پر ختم ہو جائے گی۔‘ 

شیخ رشید نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے ایک اور ٹویٹ میں لکھا ’ امید ہے کہ آج عمران خان میانوالی جلسے میں لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کریں گے۔ پھر لگ پتہ جائے گا سیاست آر ہو گیا یا پار ہو گی۔ بہتر یہی ہے کہ 31 مئی سے پہلے پہلے نئے انتخابات کا اعلان کر دیا جائے۔‘ 

تبصرے بند ہیں.