وزیراعظم شہباز شریف کی ریٹائرڈ اور حاضر سروس افسران سے اہم ملاقات

159

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف کی ریٹائرڈ اور حاضر سروس سول و انتظامیہ کے افسران سے ملاقات ، افسران نے گورننس ، انتظامی امور اور پالیسیوں کے نفاذ کے حوالے سے اپنے تجربات سے آگاہ کیا ۔

 

وزیر اعظم نے افسران کو دل کی گہرائیوں سے عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی خوش قسمتی ہے آپ جیسے قابل افسران موجود ہیں ، بلاشبہ آپ ملک کا قیمتی اثاثہ ہیں ۔

 

شہباز شریف نے مزید کہا کہ قابل افسران سیاسی حکومت کی ملکی ترقی و خوشحالی میں رہنمائی اور معاونت کرتے ہیں ، میگا پراجیکٹس کا پایہ تکمیل تک پہنچنا افسران اور دیگر حکومتی اہلکاروں کی شبانہ روز محنت کا نتیجہ ہے ۔

 

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ایک بار پھر قوم کی خدمت کا موقع دیا ہے ۔ میرا عزم ہے قابل افسران کے ساتھ یہ سفر شروع کروں ۔ کیونکہ کوئی بھی کپتان اپنی ٹیم کے بغیر کچھ نہیں کرسکتا ۔ قومی خدمت ہمارا نصب العین ہے اور اس امر میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت قبول نہیں کی جائے گی ۔

 

وزیر اعظم نے کہا کہ احتساب اور شفافیت لانے کیلئے قوانین کے حوالے سے اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کریں گے ۔ سول سرونٹس حکومتی ٹیم کا حصہ ہوتے ہیں ، ان کے خدشات کا تدارک بھی ضروری ہے ۔ سابقہ حکومت نے احتساب اور شفافیت کی آڑ میں افسران کو ہراساں کرکے ان کی کارکردگی متاثر کرنے کی کوشش کی ۔

 

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.