لاہور: وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ کا شیخ رشید کی پریس کانفرنس پر ردعمل ، کہا کہ شیخ رشید جیسے لوگ ملک میں فتنہ ، خانہ جنگی کے حالات پیدا کرتے ہیں لیکن شیخ رشید کی ملک میں خانہ جنگی کی خواہش پوری نہیں ہوگی ۔
اپنے بیان میں رانا ثناءاللہ نے کہا کہ سستی شہرت کیلئے اوٹ پٹانگ گفتگو سے عوام گمراہ نہیں ہوں گے ۔ شیخ رشید کو گرفتاری کا خوف نہیں تو پہلے ضمانت کیوں کرا رہے ہیں ، رمضان کے پہلے عشرے میں شیخ رشید نے پی ٹی آئی سے مل کر سازش کی ۔ شیخ رشید خود مزے سے پنڈی میں عید کر رہے ہیں جبکہ اُن کا بھتیجا اُن کی سازش کی وجہ سے جیل میں عید گزار رہا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے آئینی طریقے سے عمران نیازی کو اقتدار سے رخصت کیا ، ہم نے عمران نیازی اور اس کے حواریوں کی 4 سالہ نحوست کا خاتمہ کیا ہے ۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ عمران نیازی وقت پر فیصلہ کرتے اور اسمبلیاں توڑ کر نئے الیکشن کرا دیتے ۔ آج حکومت اور ریاستی اداروں سے الیکشن کی بھیک کیوں مانگتے ہو ؟ الیکشن کا موزوں ترین وقت کون سا ہے یہ فیصلہ اب ہم نے کرنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا خزانہ لوٹنے کا حساب لیے بغیر الیکشن نہیں ہوں گے ۔
تبصرے بند ہیں.