بجلی کا شارٹ فال 9 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کر گیا، لوڈشیڈنگ کی صورتحال سنگین

22

لاہور: گرمی اور رمضان المبارک کے دوران بجلی کی اعلانیہ و غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ سنگین صورت حال اختیار کر گئی ہے اور بجلی کا شارٹ فال 9 ہزار میگاواٹ سے بھی تجاوز کرگیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں گرمی کی شدت میں اضافے کے ساتھ ہی لوڈشیڈنگ کا جن بھی بوتل سے باہر نکل آیا ہے جس کے باعث گرمی سے نڈھال شہریوں کا جینا محال ہو گیا ہے۔ 
ملک میں بجلی کی مجموعی پیداوار صرف 18 ہزار 400 میگاوا ٹ اور طلب 27 ہزار 200 میگاواٹ تک جاپہنچی ہے جبکہ بجلی کا شارٹ فال 9 میگا واٹ ہونے کے باعث شہری اور دیہی علاقوں میں 16 سے 18 گھنٹے لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ 
وفاقی دارالحکومت میں اسلام آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی (آئیسکو) کو 700 میگاواٹ اور لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کو 1400 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے جس کے باعث اعلانیہ و غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے۔ 
پاور ڈویژن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ موجودہ صورتحال میں شہری علاقوں میں 12 گھنٹے تک ، اور ہائی لاسز علاقوں میں 18 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.