حمزہ شہباز نے حلف نہ لینے کیخلاف تیسری بار لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

50

لاہور: نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے حلف نہ لینے کے خلاف تیسری بار لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ۔ درخواست میں وفاقی حکومت اور پنجاب حکومت کو فریق بنایا گیا ہے ۔

 

تفصیلات کے مطابق درخواست میں حمزہ شہباز نے موقف اپنایا کہ لاہور ہائیکورٹ حلف سے متعلق احکامات جاری کر چکی لیکن عدالتی احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا ۔ گورنر پنجاب نے ایک بار پھر عدالتی حکم ماننے سے انکار کر دیا ہے ۔ اس صورت میں حلف نہ لینے والوں کے اقدامات خلاف آئین قرار دئیے جائیں ۔

 

عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عطا تارڑ نے کہا کہ عمران نیازی کی وجہ سے آئین سے روگردانی کی جا رہی ہے ، ہم اپنی تیسری درخواست لیکر ہائیکورٹ میں آئے ہیں ۔ آئین اور قانون کی تشریح کرنا عدالتوں کا کام ہے ، ہم چاہیں تو کسی تیسرے آئینی عہدیدار سے حلف اٹھالیں ۔ لیکن اس طرح بحران مزید سنگین ہوتا جائے گا ۔

 

انہوں نے کہا کہ صدر اور گورنر پنجاب کے خلاف آرٹیکل 6 کی کارروائی کا حق محفوظ رکھتے ہیں ، وہ قوم سے معافی مانگیں اور آئین پر عملدرآمد کریں ۔

 

واضح رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں گورنر کو 28 اپریل تک نو منتخب وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز سے حلف لینے کا کہا تھا جس پر ابھی تک عمل نہیں ہوا ۔

تبصرے بند ہیں.