وزیراعظم شہباز شریف 3 روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ

44

اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف  13 رکنی وفد کے ہمراہ تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب روانہ  ہو گئے جبکہ  سابق وزیراعظم عمران خان  2021 میں 44 اور  2019 میں 39 رکنی وفد اپنے ہمراہ لے گئے تھے .

 

 

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی دعوت پر  سعودی عرب کے تین روزہ سرکاری دور ہ کیلئے  روانہ ہوئے ہیں،  وزارت عظمی کا منصب سنبھالنے کے بعد شہباز شریف کا یہ پہلا بیرون ملک دورہ ہے۔ وزیراعظم آج مدینہ منورہ پہنچیں گے، ان کے ہمراہ اہم کابینہ اراکین سمیت اعلیٰ سطح کا وفد ہے۔

 

وزیراعظم کے ہمراہ  جانےو الے  وفد میں  وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری ، ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی ،وفاقی وزرا  شاہ زین بگٹی ،چوہدری سالک حسین ،خواجہ محمد آصف،مفتاع اسماعیل ،مریم  اورنگزیب ،رکن قومی اسمبلی محسن داوڑ،وزیراعظم کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈئیر محمد احمد،پرسنل سٹاف آفیسر  سمیر احمد سید ، چیف سیکورٹی آفیسر  ایس پی مہظور علی غوری  اور  خدمتگار ضیاء الحق  شامل ہیں۔
قبل ازیں    جاری کردہ فہرست  کے مطابق  وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ 16پارٹی قائدین، وزرا اور ممبرز قومی اسمبلی ،   سابق مشیر  مذہبی ہم آہنگی طاہر اشرفی، سیکرٹری  خارجہ سہیل احمد ، چیف آف سٹیٹ پروٹوکول  علی حیدر الطاف،وزیر اعظم کے ملٹری سیکرٹری بریگیڈئیر محمد احمد،پرسنل سٹاف آفیسر  سمیر احمد سید ، چیف سیکورٹی آفیسر  ایس پی مہظور علی غوری، وزیراعظم کے  اے ڈی سی  لیفٹینٹ کمانڈر بلال احمد راجا  اور   خدمتگار ضیاء الحق   کے نام شامل تھے جبکہ  شریف خاندان کے 16 افراد  بھی وفد کا حصہ تھے۔ پہلی فہرست  میں کل 40 افراد شامل تھے۔سوشل میڈیا پر مہم کے  بعد بلوچستان عوامی پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کے رہنمائوں نے وزیراعظم کے ہمراہ سرکاری خرچ پر عمرہ کرنے سے انکار کردیا تھا ،،جس کے بعد چالیس رکنی وفد کو کم کرکے 13 تک محدود کردیا گیا ۔

 

وزیراعظم اپنے دورے کے دوران  سعودی قیادت کے ساتھ دوطرفہ بات چیت کریں گے جس میں خاص طور پر اقتصادی، تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو آگے بڑھانے اور سعودی عرب میں پاکستانی افرادی قوت کے لیے زیادہ مواقع پیدا کرنے پر توجہ دی جائے گی۔دونوں فریقین باہمی دلچسپی کے متعدد علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی تبادلہ خیال کریں گے۔

ایک بیان میں دفتر خارجہ کے ترجمان عاصم افتخار نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب برادرانہ تعلقات کے پابند ہیں جو باہمی اعتماد اور افہام و تفہیم، قریبی تعاون اور ایک دوسرے کی حمایت کی لازوال روایت پر مبنی ہیں۔پاکستان کے عوام حرمین شریفین کے متولی کو انتہائی عزت کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ سعودی عرب سے دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی شراکت داری کو مزید تقویت ملے گی۔
ترجمان نے کہا کہ دوطرفہ تعلقات علاقائی اور بین الاقوامی فورمز پر قریبی باہمی تعاون سے مکمل ہوتے ہیں۔

تبصرے بند ہیں.