لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے دور حکومت میں آن لائن شکایات کیلئے قائم کئے گئے ’پاکستان سٹیزن پورٹل‘ اور ’پنجاب پورٹل‘ بھی نئی حکومت آنے کے بعد غیر فعال ہونے لگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کی حکومت قائم ہونے کے بعد ’پاکستان سٹیزن پورٹل‘ اور ’پنجاب پورٹل‘ پر درج ہونے والی نئی شکایات پر غیر اعلانیہ طور پر عملدرآمد روک دیا گیا ہے جس کے باعث شہریوں کو خاصی پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے وفاقی اور صوبائی سطح پر شہریوں کی شکایات کے فوری ازالہ کیلئے مذکورہ پورٹلز قائم تھے جن کے ذریعے شہری گھر بیٹھے کسی بھی محکمے کے خلاف شکایت درج کرا سکتے تھے اور ان کا ازالہ بھی کیا جاتا تھا جبکہ خود وزیر اعظم اوروزیراعلی بھی ان پورٹلز پر درج ہونے والی شکایات دیکھ سکتے تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سٹیزن پورٹل پر اب تک 40 لاکھ سے زائد شکایات موصول ہو چکی تھیں تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت جانے کے بعد قائم ہونے والی حکومت کی جانب سے آن لائن پورٹلز پر کوئی دلچسپی ظاہر نہیں کی گئی جس کے باعث ان کی افادیت تقریباً ختم ہو کر رہ گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت کی جانب سے سٹیزن پورٹل کو فعال رکھنے کا اعلان ہونے کی صورت میں ہی اس پر دوبارہ کام شروع ہو گا تاہم شہریوں کی جانب سے اس سہولت کو جاری رکھنے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔
تبصرے بند ہیں.