بطور وزیراعلیٰ حلف نہ لینے پر حمزہ شہباز کا لاہور ہائیکورٹ سے رجوع

25

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور نو منتخب وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز شریف نے گورنر پنجاب کی جانب سے حلف نہ لئے جانے پر لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کر لیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق حمزہ شہباز شریف کی جانب سے لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ اور چیف سیکرٹری کو فریق بنایا گیا ہے اور کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف نہیں لے رہے۔ 
درخواست میں کہا گیا ہے کہ گورنر پنجاب کی جانب سے نو منتخب وزیراعلیٰ سے حلف نہ لینا آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے لہٰذا عدالت جلد از جلد وزیراعلیٰ پنجاب کی تقریب حلف برداری کا حکم دے۔ 
واضح رہے کہ متحدہ اپوزیشن رہنماءحمزہ شہباز شریف کو وزیراعلیٰ منتخب کیا تھا تاہم گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے نو منتخب وزیراعلیٰ حمزہ شہباز شریف سے فوری طور پر حلف لینے سے انکار کر دیا۔
انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہونے والے واقعات کی رپورٹ سیکرٹری اسمبلی نے مجھے بھجوائی ہے جس کو دیکھنے کے بعد حلف لینے کے عمل کو موخر کیا ہے۔
آئینی طور پر اگر گورنر دستیاب نہ ہوں تو ان کی جگہ سپیکر اسمبلی حلف لے سکتے ہیں لیکن پنجاب اسمبلی کے سپیکر پرویز الٰہی، جو کہ وزارت اعلیٰ کیلئے حمزہ شہباز شریف کے حریف تھے، نے ایک بیان میں انہیں وزیراعلیٰ ماننے سے ہی انکار کر دیا۔
دوسری جانب پرنسپل ٹو گورنر پنجاب بھی اس معاملے پر میدان میں آئے اور اپنے خط کے ذریعے عمر سرفراز چیمہ کو ان کی آئینی ذمہ داریوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ گورنر پنجاب حلف لینے سے انکار نہیں کر سکتے۔
خط کے متن میں کہا گیا کہ گورنر پنجاب حلف سے انکار کسی صورت نہیں کر سکتے، ایسا کرنے پر گورنر آئینی خلاف ورزی کے مرتکب ہو سکتے ہیں اور اگر گورنر حلف نہ لے تو چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کو حلف لینے کا کہہ سکتا ہے۔

تبصرے بند ہیں.