وقت ثابت کرے گا کہ ڈپٹی سپیکر ایماندار ہے یا نہیں: چوہدری پرویز الٰہی

29

لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ق) کے رہنماءاور پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ یہ وقت ثابت کرے گا کہ ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست مزاری ا یماندار ہے یا نہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق پنجاب میں نئے قائد ایوان کا فیصلہ آج ہونے جا رہا ہے جس کیلئے پرویز الٰہی اور اپوزشن رہنماءحمزہ شہباز شریف کے درمیان مقابلہ ہے جبکہ یہ اجلاس ڈپٹی سپیکر دوست مزاری کی صدارت میں ہو گا۔ 
پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے پنجاب اسمبلی آمد کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج کے دن میں کسٹوڈین نہیں بلکہ وزارت اعلیٰ کا امید وارہوں، وقت ثابت کرے گا کہ ڈپٹی سپیکر ایماندار ہے یا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کا انتخاب صاف و شفاف کرنے کی کوشش کریں گے مگر ایسا ہونے پر شبہات موجود ہیں جبکہ یہ بھی آج واضح ہو جائے گا کہ کس کی نیت خراب ہے، کون کسٹوڈین ہے اور اس کا رویہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے موقع پر میڈیا نمائندوں کو پہلے پنجاب اسمبلی میں داخلے سے روک دیا گیا تاہم بعد میں میڈیا نمائندوں کی جانب سے اعلیٰ حکام سے رابطے کے بعد میڈیا کو کوریج کی اجازت دی گئی۔ 
حمزہ شہباز مسلم لیگ (ن) اور اتحادی جماعتوں کے امیدوار ہیں جبکہ پرویز الٰہی کو اپنی جماعت (ق) لیگ کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حمایت بھی حاصل ہے۔
یاد رہے کہ پنجاب اسمبلی کا ایوان 371 ارکان پر مشتمل ہے اور پنجاب کا وزیراعلیٰ بننے کیلئے 186 ووٹ درکار ہیں۔ موجودہ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے 183، (ن) لیگ 166 ، (ق) لیگ کے 10 اور پیپلز پارٹی کے ارکان کی تعداد 7 ہے۔

تبصرے بند ہیں.