قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج

24

اسلام آباد: ڈپٹی سپیکر قاسم خان سوری کی جانب سے قومی اسمبلی کا اجلاس تاخیر سے بلانے کا اقدام اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرتضیٰ جاوید عباسی کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی گئی درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ 13 اپریل کو ایک سرکلر جاری کیا گیا جس میں اجلاس 22 اپریل تک ملتوی کیا گیا، یہ سرکلر آئین سے متصادم ہے لہٰذا ڈپٹی اسپیکر کو سپیکر اسمبلی کے الیکشن کیلئے فوری اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے۔
درخواست گزار نے درخواست میں استدعا کی ہے کہ سیکرٹری پارلیمانی افیئرز اور سیکرٹری اسمبلی کو 16 اپریل کو اجلاس بلانے کی ہدایت کی جائے جبکہ ڈپٹی سپیکر کو سپیکر قومی اسمبلی کے اختیارات استعمال کرنے سے روکا جائے۔ درخواست میں ڈپٹی سپیکر قاسم سوری، سیکرٹری پارلیمانی افئیرز اور سیکرٹری اسمبلی کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز قومی اسمبلی کا ہفتے کو ہونے والے اجلاس کا شیڈول تبدیل کیا گیا جس کے تحت قومی اسمبلی کا بروز ہفتہ سہ پہر 4 بجے ہونے والا اجلاس بروز جمعہ مورخہ 22 اپریل کو سہ پہر 3 بجے منعقد ہوگا۔ اجلاس کے شیڈول میں تبدیلی قائم مقام سپیکر نے اسمبلی قواعد و ضوابط اور آئین کے آرٹیکل 49 کی شق 2(ب) کے تحت تفویض اختیارات کو بروئے کار لاتے ہوئے کیا۔

تبصرے بند ہیں.