پی ٹی آئی کے 20 منحرف اراکین کیخلاف ریفرنسز الیکشن کمیشن کو بھجوا دئیے گئے

30

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 20 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنسز الیکشن کمیشن پاکستان (ای سی پی) کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے ذرائع نے تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت کی جانب سے 20 منحرف اراکین کے خلاف ریفرنس موصول ہوئے جسے 2 دن کے اندر الیکشن کمیشن کو بھجوانا ضروری تھا۔ 
ذرائع کے مطابق آئین کے تحت 20 منحرف اراکین کے خلاف نا اہلی کا ریفرنس الیکشن کمیشن کو بھجوایا گیا جو 30 دن میں فیصلہ کرے گا۔ مذکورہ اراکین پر پارٹی قیادت کی ہدایات پر عمل نہ کرتے ہوئے اپوزیشن بنچز پر بیٹھنے اور پارٹی پالیسی کیخلاف ووٹ دینے کا اعلان کرنے کا الزام ہے۔ 
پی ٹی آئی کی جانب سے جن منحرف اراکین کے خلاف ریفرنسز الیکشن کمیشن بھجوائے گئے ہیں ان میں راجہ ریاض احمد، نور عالم خان، وجیہہ قمر، ملک نواب شیر وسیر، رمیش کمار، افضل ڈھانڈلا، احمد حسین ڈیہر، رانا قاسم نون شامل ہیں۔ 
ان کے علاوہ عبد الغفار وٹو، مخدوم باسط بخاری، عامر طلال گوپانگ، سردار ریاض محمود خان، نزہت پٹھان، سید مبین احمد، امجد فاروق کھوسہ، سید سمیع الحسن گیلانی، عامر لیاقت حسین، جویریہ ظفر، عاصم نذیر اور چوہدری فرخ الطاف کے خلاف بھی ریفرنس بھجوایا گیا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.