اسلام آباد: شہباز شریف حکومت کی جانب سے آج رات تک نئی کابینہ کا اعلان کر دیا جائے گا، رانا ثنا اللہ کو وزیر داخلہ، مریم اورنگزیب کو وزیراطلاعات دئیے جانے کا امکان ہے جبکہ بلاول بھٹو کو وزارت خارجہ دینے پر غور کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نئی وفاقی کابینہ آج رات تک تشکیل دے دی جائے گی تاہم وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ مختصر رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔جس کی مشاورت کیلئے نو منتخب وزیراعظم شہباز شریف آج دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔جن میں وفاقی کابینہ میں حصہ داری کےحوالے سے فیصلہ کیاجائےگا۔ وفاقی کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دینے کے بعد آج رات تک کابینہ کا اعلان کر دیا جائے گا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنااللہ کو کابینہ میں وزارت داخلہ اور مریم اورنگزیب کو اطلاعات کا قلمدان دیے جانے کا امکان ہے جبکہ پیپلزپارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو کو وزارت خارجہ دینے پر غور کیا جا رہاہے۔شاہد خاقان عباسی پیٹرولیم و توانائی کے وزیر ہوں گے،ذرائع کے مطابق وزیراعظم وزارت خزانہ کا قلمدان اپنے پاس رکھ سکتے ہیں۔
مسلم لیگ (ن )کی جانب سے خواجہ آصف، سعد رفیق، خرم دستگیر، احسن اقبال، مریم اورنگزیب، شائستہ پرویز ملک اور مرتضیٰ جاوید کو بھی وفاقی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔جبکہ آزاد امیدواروں محسن داوڑ ، اسلم بھوتانی اور مسلم لیگ (ق) کے طارق بشیر چیمہ کو بھی کابینہ میں شامل کیے جانے کا امکان ہے۔
سینیٹ میں قائد ایوان کے لیے اعظم نذیر تارڑ کا نام زیر غور ہے۔ پیپلز پارٹی سینیٹ سے شیری رحمان یا مصطفی نواز کھوکھر میں سے کسی ایک کو وزارت دے گی۔ جب کہ شازیہ مری کا نام بھی کابینہ کے لیے زیر غور ہے۔
جے یو آئی (ف) نے بلوچستان یا خیبرپختونخوا کا گورنر اپنی جماعت سے بنانے کا مطالبہ کیا ہے جب کہ پنجاب کا گورنر پیپلز پارٹی اور سندھ کا گورنر ایم کیو ایم سے ہوگا۔
اسپیکر کے لیے سید خورشید شاہ، نوید قمر اور ایاز صادق کے ناموں پر غور کیا جا رہاہے جبکہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی بھی تبدیلی متوقع ہے۔
تبصرے بند ہیں.