شہباز شریف نے وزارت عظمیٰ کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دئیے

45

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور وزارت عظمیٰ کیلئے متحدہ اپوزیشن کے امیدوار شہباز شریف نے کاغذات نامزدگی جمع کر ا دئیے ہیں۔ 
تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز اپوزیشن کی جانب سے عمران خان کے خلاف پیش کی گئی تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوئی تھی اور اب کل (پیر) کو نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا جائے گا۔ 
قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے نئے قائد ایوان کے تقرر کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس پیرکے روز 2 بجے طلب کر رکھا ہے اور متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزیراعظم کے امیدوار شہباز شریف ہیں۔
شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی شاہد خاقان عباسی، نوید قمر، خورشید شاہ، محسن داوڑ، ایاز صادق، سعد رفیق اور خواجہ آصف نے جمع کرائے جبکہ شہباز شریف خود بھی دیگر ارکان کے ساتھ سیکرٹری قومی اسمبلی کے پاس پہنچے۔
ذرائع کے مطابق متحدہ اپوزیشن نے 13 کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں، پیپلزپارٹی کی طرف سے سید نوید قمر اور خورشید شاہ ، (ن) لیگ کی جانب سے ایاز صادق، سعد رفیق اور خواجہ آصف نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے۔ 
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءخواجہ آصف اور رانا تنویر شہباز شریف کے تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ ہیں جبکہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی وصول کرنے کی تصدیق کردی ہے۔
یاد رہے کہ قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے کاغذاتی نامزدگی جمع کرانے کا وقت دوپہر2 بجے کے بجائے سہ پہر 4 بجے کر دیا ہے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال شام ساڑھے چار بجے کی جائے گی۔ 

تبصرے بند ہیں.