سابق وزیراعظم عمران خان نے پی ایم  ہاؤس خالی کر دیا

130

اسلام آباد: سابق وزیراعظم عمران خان  پی ایم  ہاؤس خالی کر کے  بنی گالہ روانہ ہوگئے ۔

 

 

اطلاعات کے مطابق سابق وزیراعظم عمران خان نے رات گئے ہی پی ایم ہاؤس خالی کردیا اور  بنی گالہ منتقل ہوگئے،  کابینہ ارکان کے  ملاقات کیلئے وزیراعظم ہاؤس پہنچنے پر عمران خان کی وہاں غیر موجودگی کے باعث انہیں داخلے سے روک کر واپس بھیج دیا گیا اور وزرااور معاونین خصوصی  کے عہدوں پر رہنے والی شخصیات پر وزیراعظم ہاؤس میں داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ۔

 

 

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آٗئی) کے اقتدار کے خاتمے اور عمران خان کا بطور وزیراعظم عہدہ ختم ہونے کے بعد  پرنسپل سیکریٹری اعظم خان اور اٹارنی جنرل خالد جاوید خان بھی اپنے عہدوں سے مستعفی ہو گئے ہیں ۔

 

 

واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے سے فارغ کروا دیا جس کے ساتھ ہی  عمران خان عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں۔ عمران خا ن کیخلاف تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوئی جس کے بعد وہ وزیراعظم نہیں رہے۔

 

خیال رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان  کے بعد نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل( پیر)  دوپہر 2 بجے طلب کیا گیا ہے ۔ جبکہ  کاغذات نامزدگی آج دوپہر 2 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سہ پہر3 بجے تک ہو گی۔نئے قائد ایوان کے چناؤ کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی صبح 11 بجے طلب کیا گیا تھا جس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق نئے وزیراعظم کا الیکشن اب پیر دوپہر2 بجے ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.