تحریک عدم اعتماد سے قبل اپوزیشن کے اجلاس میں 176 ارکانِ قومی اسمبلی شریک

23

اسلام آباد: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر  شہباز شریف کی زیرِ صدارت  متحدہ اپوزیشن کا مشترکہ  پارلیمانی اجلاس ختم ہو گیا ، اجلاس میں 176 ارکان قومی اسمبلی نے شرکت کی۔

 

 

تفصیلات کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم کیخلاف تحریکِ عدم اعتماد کے حوالے سے  حکمتِ عملی طے کی گئی۔اجلاس میں بلاول بھٹو زرداری، مولانا اسعد الرحمان، خالد مقبول صدیقی سمیت اپوزیشن جماعتوں  کے  176 ارکانِ قومی اسمبلی شریک  تھے ۔

 

 

واضح رہے کہ  سپریم کورٹ کے احکامات کے مطابق قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہونے جا رہا ہے جس میں وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ بھی ہو گی۔

 

خیال رہے کہ  سپریم کورٹ کی جانب سے ڈپٹی سپیکر قاسم سوری کی رولنگ کو غیر آئینی قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا گیا تھا اور قومی اسمبلی کو بحال کرتے ہوئے وزیراعظم کیخلاف تحریک عدم اعتماد کی قرارداد کو بھی برقرار رکھا تھا جس کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس آج صبح ساڑھے دس بجے بلانے کے احکامات جاری کیے تھے۔

 

 

اعلیٰ عدالت کے تحریری حکم نامے کے بعدقومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے ڈپٹی اسپیکر کا اجلاس غیر معینہ مدت تک ملتوی کرنے کا حکم نامہ واپس لے لیا اور اب قومی اسمبلی کااجلاس آج دوبارہ ساڑھے 10 بجے  بلایا ہے جس کے چھ نکاتی ایجنڈے میں  اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی وزیراعظم کیخلاف  تحریک عدم اعتماد پر آرٹیکل 95 کے تحت ووٹنگ بھی ہو گی، اجلاس کے ایجنڈے میں  وقفہ سوالات، دو توجہ دلاؤ نوٹس اور ایک نکتہ اعتراض بھی  شامل ہے۔

 

تبصرے بند ہیں.