بلوچستان : بلدیاتی انتخابات 29 مئی کو کرانے کی تیاریاں

490

کوئٹہ: صوبائی الیکشن کمیشن نے  بلوچستان کے 32 اضلاع میں بلدیاتی الیکشن 29 مئی کو کرانے کی تیاریاں شروع کر دی ہیں جبکہ کوئٹہ اور لسبیلہ میں الیکشن کیلئے شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

 

 

الیکشن کمیشن کے مطابق بلدیاتی انتخابات پرانے طریقہ کار کے مطابق ہی ہوں گے، صوبے میں براہ راست انتخاب صرف وارڈز کے کونسلر کا ہو گا۔

صوبائی الیکشن کمشنر فیاض مراد  کا کہنا ہے کہ  صوبے میں 838 یونین کونسلز، 34 ڈسٹرکٹ کونسلز، 54 میونسپل کمیٹیاں، 8 میونسپل کارپوریشنز اور ایک میٹر وپولیٹن کارپوریشن ہیں۔انہوں نے بتایا کہ صوبے کے دیہی علاقوں میں یونین کونسل کے وارڈز کی سطح پر کونسلر کا انتخاب براہ راست عوام کریں گے، اس انتخاب کے بعد یونین کونسل میں 33 فیصد نمائندگی خواتین، پانچ فیصد اقلیت، پانچ فیصد کسان اور پانچ فیصد ورکر کو دی جائے گی، یہ تمام کونسلرز اپنے درمیان سے ایک کو چیئرمین اور ایک کو وائس چیئرمین بنائیں گے۔

 

 

صوبائی الیکشن کمشنر فیاض مراد نے  مزید بتایا کہ یونین کونسل کا چیئرمین ڈسٹرکٹ کونسل کا ممبر ہو گا جو ملکر ڈسٹرکٹ چیئرمین اور وائس چیرمین کا انتخاب کریں گے، اسی طرح میونسپل کمیٹی، میونسپل کارپوریشن اور میٹروپولیٹن کارپوریشن کے وارڈز میں کونسلرز کا انتخاب براہ راست ہو گا، یہ کونسلرز چیئرمین اور مئیر  منتخب کریں گے۔

تبصرے بند ہیں.