پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ہو گا یا نہیں؟ تنازعہ کھڑا ہو گیا

83

 

لاہور: پنجاب اسمبلی کے اجلاس بلانے کے معاملے پر سیکرٹری اسمبلی اور ڈپٹی اسپیکر آمنے سامنے آگئے ہیں جس کے بعد معاملہ شدت اختیار کر گیا ہے۔

 

تفصیلات کے مطابق  پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کے حوالے سے سیکرٹری اسمبلی نے ڈپٹی اسپیکر کے احکامات ماننے سے انکار کر دیا ہے۔ذرائع سیکرٹری اسمبلی کا کہنا ہے کہ اجلاس کا نوٹیفیکشن 16 اپریل کا ہے، اسے ہی مانا جائے گا۔

 

 

واضح رہے کہ پنجاب اسمبلی اجلاس کیلئے فیصلے میں ایک بار پھر تبدیلی کرتے ہوئے  ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی دوست محمد مزاری نے آج شام ساڑھے سات بجے پنجاب اسمبلی کا اجلاس بلانے کا حکم نامہ جاری کیا تھا اور کہا تھا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے انتخاب  کیلئے ووٹنگ بھی آج ہی ہو گی۔ تاہم اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق حکم سادہ کاغذ پر جاری ہوا ہے جس کو مانا نہیں جا سکتا۔ اجلاس 16 اپریل کو ہی بلایا جائے گاجس کا نوٹی فیکیشن موجود ہے۔

 

 

واضح رہے کہ  پنجاب اسمبلی کا 3 اپریل کو ہونے والا اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کیا گیا تھا تاہم بعد ازاں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے احتجاج اور توڑ پھوڑ کے باعث اجلاس 16 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔ڈپٹی سپیکر کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا تھا  کہ پنجاب اسمبلی میں جو توڑ پھوڑ ہوئی ہے اس کی وجہ سے اجلاس 16 اپریل تک  ملتوی کیا گیا ہے تاکہ مرمت کرائی جا سکے۔ تاہم گزشتہ رات ایک بار پھر اپنے فیصلے میں تبدیلی کرتے ہوئے  اجلاس آج  شام ساڑھے سات بجے طلب کرنے کے احکامات جاری کیے تھے تاہم اسمبلی سیکرٹری نے ماننے سے انکار کر دیا جس کے بعد تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے۔

 

 

 

تبصرے بند ہیں.