دیکھنا ہے سپریم کورٹ آئین کا دفاع کرے گی یا ماضی کے فیصلے برقرار رہیں گے: شاہد خاقان عباسی

30

اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ دیکھنا ہے سپریم کورٹ آف پاکستان آئین کا دفاع کرے گی یا ماضی کے فیصلے برقراررہیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین کو چوری کرنے کی کوشش کی گئی، آئین توڑنے والے پر آرٹیکل 6 لگتا ہے، اب امتحان سپریم کورٹ کا ہو گا۔ 
انہوں نے کہا کہ ملک کا صدر، وزیراعظم، سپیکر، ڈپٹی سپیکراور وزراءسازش کر کے آئین توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں اور آئین کو توڑنے والے نام نہاد منتخب لوگ ہیں، عوام دیکھنا چاہتے ہیں کہ سپریم کورٹ آئین کا دفاع کرے گا یا ماضی کے فیصلے برقرار رہیں گے۔ 
شاہد خاقان عباسی کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ میں پاکستان کا اہم ترین کیس ہے اور آج ملک کی سیاسی، قانونی اور آئینی تاریخ کا فیصلہ ہے۔ ملک میں جمہوری عمل جاری تھا اسے توڑا گیا اور اب پنجاب میں بھی یہی کوشش کی جائے گی۔ 
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ان لوگوں کو کبھی قبول نہیں کریں گے، انتخابات ثانوی حیثیت رکھتے ہیں جو آج نہیں تو کل ہونے ہی ہیں مگر آئین شکنی کی اجازت ہرگز نہیں دی جا سکتی۔ 

تبصرے بند ہیں.